10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:6
کراچی میں فوجی آپریشن کے بغیر امن ممکن نہیں امیر مقام
جنگ نیوز -
سوات . . . . . . پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن فوجی آپریشن کے بغیر ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقے چالیارخوازہ خیلہ میں اے این پی کے رہنما اول شیر خان کے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے این پی کے رہنمااول شیر خان نے اپنے خاندان اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اجتماع سے مسلم لیگ سوات کے صدر سید محمد علی شاہ باچالالہ، جنرل سیکرٹری قیموس خان، حاجی جلات خان، سابق ناظمین محمد افضل اور محمد علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کا واحد حل فوجی آپریشن ہے اور حکومت کو بلاتاخیر کراچی میں فوجی آپریشن کرانا چاہئے تاکہ مزید بے گناہوں کا خون نہ بہہ سکے۔ انہوں نے کہاکہ چاہے دہشت گردی ہو یا تباہ کن سیلاب ہم نے سوات کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اور ایسے وقت میں جب کوئی سوات آنے کی جرأت نہیں کر سکتا تھا ہم نے سوات آ کر یہاں کے عوام کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاحال سوات کے متاثرین امداد سے محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ عوام کی مقبول جماعت بن رہی ہے اور دوسروں جماعتوں سے مسلسل لوگ مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔