11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:7
امریکا: زلزلے نے ایک نیوکلیئر پلانٹ کو دو با ر شدت سے ہلا کر رکھ دیاتھا،رپورٹ
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز…گزشتہ ماہ امریکا کے مشرقی علاقوں میں آنے والے ریکارڈ زلزلے نے ایک نیوکلیئر پلانٹ کو دو بار اْتنی شدت سے ہلا کر رکھ دیا، جتنی شدت کو برداشت کرنے کے لیے اْسے ڈیزائن کیا گیا تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ انکشاف امریکا میں جوہری سلامتی کے ادارے این آرسی کے ایک ترجمان نے کیاہے۔ امریکہ میں گیس اور بجلی فراہم کرنے والے ادارے ڈومینین ریسورسز نے اِس جوہری ریگولیٹری کمیشن کو بتایا ہے کہ اْس کے زیر انتظام ری ایکٹرز محفوظ ہیں اور وہ اگلے مہینے اِس بات کے شواہد پیش کر دے گی۔امریکا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ ایک جوہری پلانٹ کو اْس کے ڈیزائن میں دیے گئے پیمانوں سے زیادہ کے زلزلے کے جھٹکے برداشت کرنا پڑ ے ہیں۔ڈومینین ریسورسز ریاست ورجینیا میں واقع اپنا یہ نارتھ اینا پلانٹ دوبارہ چالو کرنا چاہتی ہے، جو زلزلے کے مرکز سے صرف بارہ میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ لیکن اِسے چالْو کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ این آر سی اْسے اِس کی اجازت دے۔ گزشتہ ماہ کے زلزلے میں اِس جوہری پلانٹ کو لگنے والے زور دار جھٹکوں کے بعد این آر سی اِسے دوبارہ کام کرنے کی اجازت دینے کے معاملے میں زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنا چاہتا ہے۔ اِسی سلسلے میں دونوں اداروں کے درمیان ایک اجلاس منعقد ہوا جو تین گھنٹوں تک جاری رہا اور جس میں دونوں اداروں کے ایک ایک درجن سرکردہ نمائندے شریک ہوئے۔دونوں اداروں نے نارتھ اینا جوہری پلانٹ کے مفصل معائنے کیے ہیں لیکن اْنہیں ایسے کوئی آثار نہیں ملے ہیں، جن سے پتہ چلتا ہو کہ زلزلے کے جھٹکوں سے اِس جوہری پلانٹ کو کوئی بڑا نقصان پہنچا ہے۔