11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:18
غیر ملکی کمپنیاں کراچی میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی،پیر مظہر
جنگ نیوز -
کراچی…سینئر صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ سیاستدان، میڈیا اور عوام مل کر ملک کی مجموعی صورتحال بہتر بنا سکتے ہیں، میڈیا دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرے۔ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کے 63 ویں یوم وفات کے موقع پر مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا سامنا صرف پاکستان کو نہیں، دنیا بھر کو ہے اور مختلف ممالک میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ پیر مظہر الحق نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے امن و امان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کے باعث کئی غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز دو بڑی غیر ملکی کمپنیوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اسٹیل مل کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور مذکورہ کمپنیاں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں دنیا میں اہم مقام رکھتی ہیں، الطوارقی ہولڈنگ، اسٹیل کی پیداوار کیلئے سعودی عرب کی سب سے بڑی نجی کمپنی ہے جبکہ پوسکو اسٹیل کی پیداوار کیلئے دنیا کی تیسری بڑی کمپنی ہے۔ پیر مظہر الحق نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق عوام کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور وعدے کے مطابق صوبائی خودمختاری کا مسئلہ بھی حل کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔