11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:17
قائد اعظم نے منقسم ہجوم کو قومی شعور بخشا ،آغا حامد موسوی
جنگ نیوز -
راولپنڈی…قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہاکہ الزام تراشی اور بہتان درازی کی تازہ لہر دشمن کو فائدہ دے رہی ہے دشمن اہل وطن کو گتھم گتھا دیکھنا چاہتا ہے، خدا را، اللہ سے ڈریں مادر وطن پاکستان جیسی نعمت عظمیٰ پر شکر ادا کریں شکرانے کے نفل پڑھیں ، ہم تمام سیاستدانوں ،پارٹیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن اپنی ذاتی جماعتی اور سیاسی مفادات کیلئے وطن کو مذاق نہ بنائیں،اسکی بنیادوں میں عظیم شہدا ء کا خون ہے اسکی بے حرمتی نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم ، قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی پر منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آقائے موسوی نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے واحد رہنما ہیں جنہوں نے منقسم ہجوم کو قومی شعور بخشا اور ایک جھنڈے تلے جمع کیااور پھر بغیرتشدد و جنگ اور قید و بند کے برصغیر پاک و ہند کیلئے چند سالوں میں پاکستان کو صفحہ ارضی پر رقم کر دیا جسے عالمی استعمار ناممکن سمجھ رہا تھی اسے جناح نے ممکن بنا دیا،آج بعض شخصیات یہ کہتی ہیں کہ پاکستان اسلام کے نام پر نہیں بنا تھا وہ اسلام پاکستان اور قائد اعظم کے نظریات سے نا بلد ہیں اگر پاکستان کا مطلب لا الہ الا اللہ نہیں تھا تو پاکستان بننے کا جواز عبث ہوجاتا ہے کیونکہ سیکولزم تو بھارت میں پہلے سے تھی کروڑوں مسلمانوں نے اپنی جائیدادیں اور اجداد کی قبریں چھوڑیں اور عزتوں کی قربانیاں دیں دردر کی ٹھوکریں کھائیں ،ہجرت کرنے پر طعنے سہے اور اب تک دلوں میں خلشیں باقی ہیں کیا یہ سب سیکولر پاکستان کے قیام کیلئے تھا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اسلامی نظریہ اپنا کر اقلیتوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی تھی جو اسلام کی رواداری کی عکاس تھی۔انھوں نے کہاکہ اب پاکستان کو گانگریسی ملاؤں اور مارشل لاؤں سے بچانا ہوگا کیونکہ ایک مارشل لاء نے پاکستان گنوایا اور دوسرے نے پاکستان کو پھنسایا اور آج ہم گوں ناگوں مسائل سے دو چار ہیں۔آغا موسوی نے کہا کہ اللہ وطن اور اہل وطن پر رحم فرمائے دعا فقیراں رحم اللہ ، تمام قوتیں سنجیدگی اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں کیونکہ دشمن ہاتھ دھو کر پاکستان کے پیچھے پڑ گیا ہے۔