11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:17
کراچی :پولیس رینجرز کا سرچ آپریشن،ٹارگٹ کلر سمیت متعدد گرفتار
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ، لیاری میں رینجرز آپریشن کیخلاف شہریوں نے احتجاج کیا اورسڑکوں پر ٹائر جلائے۔ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایم اے جناح روڈ پر واقع اقبال کمپلیکس کو پولیس کی بھاری نفری نے گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کیا جس میں پولیس کمانڈوز نے بھی حصہ لیا، سرچ آپریشن کے دوران 117 افراد کو حراست میں لیا گیا، ان تمام افراد کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا۔لیار ی کے مختلف علاقوں میں صبح 6 بجے رینجرز کی بھاری نفری نے محاصرہ کر کے آنے اور جانیوالے راستے بند کردیئے۔سرچ آپریشن 12 گھنٹے جاری رہا جس میں 8 افراد کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے کلاشنکوفیں، 7 ایم ایم رائفل، 8 ایم ایم رائفل، رپیٹرز، پستول ، ریوالور، چاکو، چھرے، کیمرے، دوربین اور مختلف اقسام کے ہتھیار سمیت منشیات اور کچی شراب برآمد کر لی گئی۔دوسری جانب سی آئی اے نے شاہ فیصل ٹاوٴن اور لانڈھی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 6 افراد کو گرفتار کیا اور انکے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 7 ایم ایم رائفل اور تین پستول برآمد کر لیے، سر سید ٹاوٴن میں پولیس نے ایک مبینہ ٹارگٹ کلر نادر شاہ کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش 5سے 6افراد کے قتل اور بھتہ خوری کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ رضویہ سوسائٹی، پاک کالونی، نیو کراچی اور موچکو میں کارروائیاں کر کے ٹارگٹ کلر اور بھتہ خوروں سمیت 90 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 319 دستی بم، 14 کلاشنکوفز، 3 رپیٹرز اور 31 پستول برآمدکر لیے ہیں۔ بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے سعید آباد سے ایک بوری میں ایک ہزار سے زائد شناختی کارڈز ملے ہیں جن کی تفتیش شروع کر دی گئی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران لائسنس شدہ اسلحہ بھی قبضے میں لیا جارہا ہے۔رینجرز کے لیاری کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیخلاف خواتین اور بچوں سمیت شہریوں نے لیاری اور ماڑی پورروڈ پر احتجاج کیا اور ان کیخلاف نعرے بھی کی۔