11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:17
ثابت ہوچکانائن الیون کاواقعہ امریکی یہودیوں کی سازش تھی،منورحسن
جنگ نیوز -
لاہور… لاہورمیں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گو امریکا گو ریلی نکالی گئی، جس میں30 ستمبر کو امریکی مداخلت کیخلاف عوامی ریفرنڈم کرانے اور 2 اکتوبر کو لاہور میں دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا۔جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گو امریکا گو ریلی مسجد شہداء سے فیصل چوک تک نکالی گئی،جس میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی،شرکا نے امریکا کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالات اور واقعات ثابت کرچکے ہیں کہ کہ نائن الیون کاواقعہ امریکی یہودیوں کی سازش تھی جس کامقصدمسلمانوں کو بدنام اور دنیا پر نیو ورلڈ آرڈر مسلط کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ امریکا عراق اور افغانستان میں اپنی شکست کا بدلا پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ منور حسن نے مطالبہ کیا کہ فوج اپنے ماٹو ایمان،تقویٰ اورجہاد پر واپس آ جائے اور دہشت گردی کی نام نہاد جنگ سے نکل جائے۔ ادھر کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گرومندر سے سی بریز تک ریلی نکالی گئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نائن الیون کا واقع امریکی ڈرامہ تھا، جس کی بنیاد پر مسلمانوں پر مظالم ڈھائے گئے۔ ریلی کے شرکاء نے امریکی مخالف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے امیرجماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، نصر اللہ شجیع اور دیگر نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہمارے سیاست دان امریکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور حکمرانوں نے ذاتی مفادات کیلئے ملک کو امریکی کالونی میں تبدیل کر دیاہے۔ امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں مثبت تبدیلی کیلئے سرگرم ہے۔انھوں نے کہا کہ نائن الیون کا واقع امریکی ڈرامہ تھا اور یہ دس سال سے یہ جاری ہے۔