12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:31
بدین: سیم نالے سے نکلنے والے سیلابی ریلے سے آبادیوں کو خطرہ
جنگ نیوز -
بدین…بدین میں ایل بی او ڈی سیم نالے کا بہاوٴ چالیس ہزار کیوسک ہوگیا۔سیلابی ریلے سے ضلع کی 13یونین کونسلوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ پڑے۔سندھ اریگیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق ایل بی اوڈی سیم نالے میں میر پور خاص میں ہونے والی طوفانی بارشوں کا پانی آنے سے سیم نالے میں پانی کا بہاوٴ چالیس ہزار کیوسک ہوگیا ہے جس سے یونین کونسل بھگڑا میمن،سیرانی،کڈھن،لواری شریف ،نندو، کھوسکی،شادی لارج ،پنگریو سمیت تیرہ یونین کونسلوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔متاثرین کو علاقوں سے نکلنے کی ہدایت تو کردی گئی ہے تاہم انہیں انتظامیہ نے کسی قسم کی ٹرانسپورٹ فراہم نہیں کی ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ کرایوں میں بے پناہ اضافے کے باعث وہ علاقے چھوڑنے سے قاصر ہیں۔ نوابشاہ میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد شہر و دیہات میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ملیریا اور پیٹ کے امراض پھوٹ پڑے ہیں۔بڑی تعداد میں مریض اسپتالوں میں لائے جارہے ہیں۔اشرف کالونی،تاج کالونی ،گولی مار،سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث ٹرانسفارمر خراب ہونے سے تیس گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ ٹھٹھہ میں اپنی مدد آپ کے تحت جھڈو سے پہنچنے والے متاثرین کا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ جھڈو،ٹنڈوجان محمد، نوکوٹ، کنری، سامارو،کوٹ غلام محمد اور ملحقہ دیہات میں 3 سے چار فٹ پانی کھڑا ہے، ہزاروں افراد کو خوراک اور پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔