12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:34
ریلوے کی مسروقہ بوگی کا ڈراپ سین، تانبہ گجرات میں فروخت ہوا
جنگ نیوز -
لاہور ریلوے اسٹیشن سے بوگی چوری کا ڈراپ سین ہو گیا۔ پہلے بوگی برآمد ہوئی، پھر ملزمان پکڑے گئے، اب ریلوے پولیس نے تانبا بیچ کر حاصل کئے گئے اٹھارہ لاکھ روپے برآمد کر لئے۔ تانبا چوری میں ملوث حساس ادارے کے افسر کی گرفتاری کے لئے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ چار اگست کو رائے ونڈ سے چوبیس لاکھ مالیت کا چار ہزار کلو تانبا مال گاڑی کے ڈبے میں لوڈ کیا گیا، جسے مغل پورہ لاہور کے اسٹور میں پہنچایا جانا تھا۔بارہ اگست کو لاہور ریلوے اسٹیشن سے یہ بوگی چوری ہوئی اور پندرہ اگست کو کھاریاں پہنچی۔ جیو نیوز پر رپورٹ نشر ہونے کے بعد چھ ستمبر کو ریلوے پولیس نیمقدمہ درج کر لیا۔ سات ستمبر کو بوگی کھاریاں سے برآمد کر لی گئی۔ ریلوے پولیس نے کھاریاں کے اسٹیشن ماسٹر محمد زمان اور گڈز بکنک کلرک محمد عدنان کو حراست میں لے لیا۔ ان کی نشاندہی پر دیگر تین ملزموں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ملزموں سے کچھ مقدار میں تانبا اور رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ آئی جی ریلوے کے مطابق چھ لاکھ روپے ملزموں کے ساتھی حساس ادارے کے افسر کے پاس ہیں جنہیں برآمد کرنا ابھی باقی ہے۔