12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
بدین نوابشاہ کے بعد دیگر اضلاع میں بھی بارشوں سے تباہی
جنگ نیوز -
بدین…سندھ کے متاثرہ اضلاع میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ۔بارشوں کی تباہی کے بعد مزید کئی دیہات زیرآب آگئے۔کیمپوں میں متاثرین مدد کے منتظر ہیں۔طوفانی بارشوں اور سیلابی پانی سے شدید متاثرہ علاقوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے متاثرین کی مشکلات میں مذید اضافہ ہو گیا ہے۔جبکہ اس سے قبل ہونے والی طوفانی بارشوں سے مختلف اضلاع کے ہزاروں خاندان اپنے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرکے کیمپوں یا کھلے آسمان تلے سڑکوں پر پڑے ہیں۔ بدین شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بارش کی وجہ سے سڑکوں اور دیگر مقامات پر کھلے آسمان تلے پڑے متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دادومیں تین روز سے بارشوں کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن تباہی کے اثرات اب بھی واضح ہیں۔تحصیل جوہی ،کین شاہ ،میہڑ بارشوں سے شدید متاثر ہوئی ہیں جس سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامناہے۔کیمپوں میں متاثرین خوراک اور صاف پانی کی قلت کا شکار ہیں۔ جھڈو،ٹنڈوجان محمد،نبی سر روڈاور دیگرعلاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ طوفانی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے اس کے علاوہ ملحقہ علاقے کئی روز سے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں،جبکہ یوسی آہوری اور یوسی فضل بھنبھرو میں سیکڑوں خاندان زمینی راستہ منقطع ہونے کے باعث تا حال پھنسے ہوئے ہیں۔نوابشاہ میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد شہر و دیہات میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سیملیریا اور پیٹ کے امراض پھوٹ پڑے ہیں، مختلف علاقوں میں بارش کے باعث ٹرانسفارمر خراب ہونے سے تیس گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ ٹھٹھہ میں اپنی مدد آپ کے تحت جھڈو سے پہنچنے والے متاثرین بھی سڑکوں پرڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں اور انتہائی بے سروسامانی کی حالت میں ہیں۔