12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
لاہور ریلوے اسٹیشن سے بوگی چوری کا ڈراپ سین ،میجر سمیت تمام ملزم گرفتار
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ریلوے اسٹیشن سے بوگی چوری کا ڈراپ سین ہو گیا۔ واردات میں ملوث حساس ادارے کے میجر سمیت تمام ملزم پکڑے گئے۔ ریلوے پولیس نے تانبا بیچ کر حاصل کئے گئے اٹھارہ لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے۔چار اگست کو رائے ونڈ سے ریلوے کا ملکیتی چار ہزار کلو تانبا مال گاڑی کے ڈبے میں لاہور ریلوے اسٹیشن لایا گیا، یہ تانبا مغل پورہ اسٹور پہنچایا جانا تھا۔ملزمان نے ریلوے عملہ کی ملی بھگت سے بارہ اگست کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر پہلے بوگی کا نمبر تبدیل کیا گیا۔ پھر حساس ادارے کے میجر ایوب بیگ کے حکم یہ بوگی پندرہ اگست کو کھاریاں اسٹیشن پہنچائی گئی۔پاک فوج کے ترجمان ادارے، آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ بوگی چوری کیس میں ملوث میجر ایوب بیگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق میجر ایوب اس تمام معاملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔آئی جی پولیس ریلوے سید ابن حسین کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی منیر احمد چشتی کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے صرف پانچ دنوں میں بوگی چوری کی اس واردات کو بے نقاب کیا۔ریلوے پولیس کے مطابق حساس ادارے کے میجر ایوب بیگ کی جانب سے بوگی کی نقل و حرکت اور تانبا بیچنے کیلئے لکھے گئے تین خطوط نے ملزمان کو قدم قدم پر سہارا دیا۔ آئی جی پولیس نے ملزموں کو گرفتار کرنے والی تحقیقاتی ٹیم کو ترقی اور کیش ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔