12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
سندھ میں کپاس کو نقصان:فی من قیمت میں 25فیصد اضافہ
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ میں سیلابی بارشوں سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا، ایک ہفتے کے دوران کپاس کی فی من قیمت میں 25فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے ممبر احسان الحق نے جیو نیوز کو بتایا کہ سندھ میں شدید بارشوں سے اب تک 20 لاکھ بیلز سے زائد کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ اور بارشوں سے کپاس کی رسد متاثر ہونے سے اس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور کپاس کی فی من قیمت 500 روپے اضافے کے ساتھ 7500 روپے کی سطح پر آگئی۔ احسان الحق نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان میں سیلاب سے متاثر کپاس کی فصل کے باعث ایک ہفتے کے دوران کپاس کی فی پاؤنڈ قیمت 3 سینٹس اضافے کے ساتھ 1 ڈالر 10 سینٹس کی سطح پر آگئی۔