13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:29
توانائی پر پاک امریکا ورکنگ گروپ کا اجلاس کل سے شروع ہوگا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاک امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی پر ورکنگ گروپ کا دو روزہ اجلاس کل اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستان ، امریکاسے بجلی کی پیداوار تقسیم اور ترسیل کے منصوبوں پر مالی و تکنیکی معاونت کے حصول پر بات کریگا۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام نے جیو نیوز کو بتایا ہے کی مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر جبکہ امریکی وفد کی نمائندگی امریکی خصوصی سفیر برائے عالمی توانائی امور کارلس پاسکل کرینگے۔ اجلاس میں پرائیویٹ پاور انفرا سٹرکچر بورڈ ،آئی پی پیز ، وزارت پٹرولیم،نیپرا اور اوگرا سمیت توانائی سے منسلک تمام اہم اداروں کے سربراہان بھی شرکت کرینگے ۔ مذاکرات کے پہلے روز وفاقی وزیر پانی و بجلی پاکستان میں توانائی کی صورتحال اور اس میں عالمی مالی و تکنیکی معا ونت کا جائزہ پیش کرینگے۔ سیکرٹری پانی و بجلی امتیاز قاضی پا کستان کی توانائی کی صورتحال اور ایم ڈی پیپکوبجلی کی پیداوار طلب اور شارت فال کی تفصیلات سے آگاہ کرینگے۔ پہلے روز پاکستان میں پن بجلی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا جائیگا جبکہ دوسرے روز تھرمل پاور منصوبوں پر بات کی جائیگی۔ حکام کے مطابق یہ مذاکرات پاکستان کے بجلی کی پیداوار کے نجی اور سرکاری شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے معاون ثابت ہونگے۔