14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:20
لاہو: ڈینگی سے متاثرہ نئے کیسز سامنے آگئے،تعداد3925ہوگئی
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ڈینگی کے 499 نئے کیسز سامنے آنے سے شہر میں مریضوں کی تعداد تین ہزار نو پچیس جبکہ صوبے میں چار ہزار نو سو ستائیس ہو گئی ہے۔ اب تک صوبے میں ڈینگی سے تیرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ لاہور میں اسکولوں، کالجوں کے بعد یونیورسٹیوں کو بھی آج سے دس روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے سری لنکا کے ماہرین کی ٹیم آج لاہور پہنچے گی۔ لاہور میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں رش کے باعث لوگ نجی اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں لیکن وہاں علاج ان کی جیبوں پر خاصا بھاری گزر رہا ہے۔ نجی اسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھاری فیسیں وصول کر رہے ہیں۔ حکومت خبر دار کیا ہے کہ اگر نجی اسپتالوں نے ڈینگی کے مریضوں کا مفت علاج نہ کیا تو انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈینگی وائرس بڑھنے کے باعث حکومت نے لاہور کے تمام اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کا حکم دیا ہے، اور ہدایت کی ہے کہ چھٹیوں کے دوران تعلیمی اداروں میں اسپرے کیا جائے۔ حکومت نے یہ قدم گذشتہ دنوں ڈینگی سے دو طلبا کی ہلاکت کے بعد اٹھایا۔ وزیر اعلی پنجاب نے پرائیویٹ رہائشی کالونیوں میں بھی اینٹی ڈینگی سپرے کرانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے چوبیس گھنٹوں کے اندر لاہور میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کے لیے مزید بیس لیبارٹریز قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت مہیا کی جا سکے۔