14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:11
کراچی میں بارش کے بعد زندگی معمول پر آنا شروع
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں بارش کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں تاہم اولڈ سٹی ایریا میں اب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں آج بھی اسکول اور کالج بند ہیں۔ کراچی میں تیز بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد شہر کی سڑکوں پر ٹرانسپورٹ چلنے لگی ہے اور شہری اپنے روز گار پر جانا شروع ہوگئے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ ، کھارادر ، بوہرا پیر ، ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی اور دیگر کئی علاقوں میں سڑکوں پر اب بھی پانی کھڑا ہے۔ شہرمیں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر کھڑے پانی میں گٹر کا پانی شامل ہوگیا۔ گھروں میں بارش کا پانی بھرنے سے فرنیچر اور گھریلو سامان تباہ ہوگیا اور پانی کے انڈر گراوٴنڈ ٹینکوں میں بھی گندا پانی بھر گیا جس کے باعث لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں رہا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ آج دوپہر تک اہم شاہراہوں پر جمع پانی کی نکاسی کا بندوبست کرلیا جائے گا۔بارش کے باعث کے ای ایس سی کے 1200 میں سے298 فیڈر ٹرپ کرگئے تاہم دو سو پچاس سے زائد فیڈرز کو بحال کردیاگیا ۔ شہر کے کچھ علاقوں کو کئی گھنٹوں کیلئے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث ریلوے اور پروازوں کا شیڈیول بھی متاثر ہوا۔