14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:10
امریکا کا میانمرمیں ٹھوس سیاسی اصلاحات پرزور
جنگ نیوز -
ینگون…جنگ نیوز… امریکا نے میانمر میں حقیقی اورٹھوس سیاسی اصلاحات پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورت میں امریکا میانمرکے بارے نرمی پرمبنی رویہ اختیار کرے گا۔ میانمر کے لئے نئے امریکی نمائندہ ڈیرک مچل نے اپنے پہلے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میانمر کے فوجی حکمرانوں کو سیاسی اصلاحات کا آغاز سیاسی قیدیوں کی رہائی سے کرنا چاہئے ۔ اس کے بعد وہ لسانی و نسلی تنازعات کے خاتمہ پر توجہ دے اورپھر ان اسباب کو ختم کرے جن کی بناء پر اسے مختلف حلقوں کی تنقید کا سامنا ہے۔ امریکی نمائندہ نے میانمر کے فوجی حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اوپر ہونے والی تنقید اورلگنے والے الزامات کو موثر سیاسی اصلاحات کے ذریعہ غلط ثابت کریں۔ انہوں نے میانمر کے فوجی حکمرانوں سے جیلوں میں موجود دو ہزار سے زیادہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ ڈیرک مچل کا تقرر گذشتہ ماہ کیا گیا جس کے بعد انہوں نے میانمر کا تفصیلی دورہ کیا اورحکمرانوں کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنماؤں نے بھی ملاقاتیں کیں جن میں طویل عرصہ تک قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والی جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی بھی شامل ہیں۔