14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:10
قدرتی آفات کی پیشگوئی کیلئے آلات کی کی کمی ہے، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ قدرتی آفات کی پیش گوئی کے لئے محکمہ موسمیات کے پاس ضروری آلا ت کی کمی ہے جس سے بروقت اطلاع نہیں ملتی۔پشاور میں محکمہ موسمیات کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں میاں افتخار نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے پاس ضروری آلات کا فقدان ہے۔ جس کی ذمہ داری مرکزی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے فنڈز فراہم کئے ہیں اور نہ ہی صوبائی حکومت نے اس ضمن میں اقدامات اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیشگی اطلاع کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کا ناقص نظام بھی نقصانات کی بڑی وجہ ہے۔