14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:10
کراچی:بارش کے بعد تاحال کئی علاقوں کو بجلی کی فراہم معطل
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی میں بارش کے بعد سے اب بھی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق تمام فیڈرز بحال کردیئے گئے،جن علاقوں میں بجلی معطل ہے وہاں ٹوٹے تار جوڑنے اور پی ایم ٹیز کی خرابی دور کرنے میں عملہ مصروف ہے۔گزشتہ روز بارش کے باعث شہر کے بیشترعلاقے بجلی سے محروم ہو گئے تھے کئی علاقوں میں فیڈرز درست ہوتے ہی بجلی بحال کردی گئی تاہم کئی علاقے ایسے ہیں جہاں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ان علاقوں میں لیاقت آباد،ڈیفنس فیز5،گلستان جوہر بلاک7،لیاری،کھارادر، کاغذی بازار،جوبلی،گارڈن،بلدیہ اور دیگرعلاقے شامل ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایت کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جارہی ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ٹرپ ہونے والے تمام فیڈرز بحال کردیئے گئے ہیں۔بعض علاقوں میں بجلی کا تعطل تاریں ٹوٹنے اور پی ایم ٹی کی خرابی کے باعث ہے ،متعلقہ فالٹس دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان نے شہریوں سے پرزوراپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تنصیبات سے دور رہیں۔