14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:10
کراچی : دواوٴں کی ہول سیل مارکیٹ میں سیوریج کا پانی دُکانوں میں داخل
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع دواوٴں کی ہول سیل مارکیٹ ابھی تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے،دکانداروں کے مطابق پانی متعدد دکانوں کے اندر بھی چلا گیا جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ ایم اے جناح روڈڈینسوہال کے قریب وہاب میڈیسن مارکیٹ اور کچھی گلی میں بارش اور سیوریج کا پانی کئی کئی فٹ تک کھڑا ہے، متعدد دکانوں کے اندر بھی بارش اور نالے کا پانی داخل ہو گیا، دکانداروں کا کہنا ہے کہ دوائیں خراب ہونے سے ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا ہے۔ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدرعاطف بلونے جیونیوزکوبتایاکہ ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں 500 کے قریب دکانیں ہیں جہاں دوائیں،ڈسپوزایبلز، سرجیکلزاوراسپتالوں میں کام آنے والی دیگر اشیاء فروخت کی جاتی ہیں، یہاں سے نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر میں بھی دوائیں جاتی ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پانی کی فوری نکاسی نہ کی گئی تو دواوٴں کی قلت پیدا ہو جائے گی۔