14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:22
پشاور ہائیکورٹ نے ائیر بلیو حادثے کی رپورٹ طلب کرلی
جنگ نیوز -
پشاور …پشاور ہائی کورٹ نے ائیر بلیو حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ 6اکتوبر تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔یہ حکم پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ پر مشتمل بنچ نے دیا۔ ائیربلیو حادثے کے متاثرین اور سابق رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ائیربلیو حادثے کی وجوہات سامنے لائی جائیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل اقبال مہمند عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہوائی جہاز کے بار ے میں جہاز بنانے والی کمپنی سے رائے مانگی گئی ہے۔ جس پر عدالت نے حکم دیا ہے کہ ائیر بلیو حادثے سے متعلق جو تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ تیار کی گئی ہے وہ چھ اکتوبر تک عدالت میں پیش کی جائے۔ ائیربلیو کا حادثہ اٹھایئس جولائی 2010 کو اسلام آباد میں پیش آیا تھا۔ جس میں عملہ سمیت 152افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔