14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:21
سندھ پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن، تنخواہیں کم ہوگئیں
جنگ نیوز -
کراچی...سندھ پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے نوٹی فکیشن کے بعد اہلکاروں کو محکمے سے لینے کی بجائے دینے پڑ رہے ہیں۔ جس سے پولیس اہلکاروں میں بد دلی پھیل گئی ہے۔ حکومت سندھ کے محکمہ فنانس کی جانب سے صوبے کی پولیس کے82ہزار 769 اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن دو روز قبل جاری کیا گیا تھا۔جس کے مطابق آئی جی سے کانسٹیبل تک کی تنخواہوں میں 20 ہزار سے 4 ہزار 4 سو روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس کا اطلاق رواں ماہ کی تنخواہوں پر ہوا ہے۔ اس سے پولیس ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق نئی تنخواہوں کے اطلاق پر تمام اہلکاروں کو 50 فیصد ایڈہاک الاوٴنس، اسپیشل ایڈیشنل الاوٴنس اور اس طرح کے دیگر الاوٴنسز ختم ہوجائیں گے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ الاوٴنسز ختم ہونے سے تمام عہدوں کے اہلکاروں کو کوئی ظاہری فائدہ نظر نہیں آرہا۔ نئی اور پرانی تنخواہوں کے موازنہ سے اہلکاروں کو پہلے کی تنخواہ سے بھی کم تنخواہیں ملیں گی۔