14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:21
پنجاب : ڈینگی سے 5افرادجاں بحق،412نئے کیس سامنے آگئے
جنگ نیوز -
لاہور..لاہورمیں ڈینگی وائرس کا پھیلاوٴ جاری ہے،24گھنٹے میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 353مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، شہر میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4118ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 412 نئے مریض سامنے آنے سے مجموعی تعداد 4989تک جاپہنچی ہے جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران سرکاری اسپتالوں میں پانچ مریض ابدی نیند سوچکے ہیں جن میں محکمہ بہبود آبادی کے ندیم رضا، شکرگڑھ کا 14 سالہ علی اور مجاہد اسکواڈ کا کانسٹیبل عطا محمد،فیروزپورروڈ کامحمد نثاراوروفاقی کالونی کی شریفاں بی بی شامل ہے ۔ سرکاری اسپتالوں میں رش کے باعث مریضوں کو گھنٹوں قطاروں میں کھڑارہنا پڑتا ہے۔سیکرٹری صحت جہانزیب کا کہنا ہے کہ سری لنکن ماہرین پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کی مدد سے جامع حکمت عملی تیار کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈینگی مریضوں کی سہولت کیلئے لاہورکے مختلف علاقوں میں 20 نئی لیبارٹریاں قائم کرنے کا حکم بھی دیا ہے جہاں مریضوں کے ٹیسٹ مفت ہونگے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی غفلت کے باعث ڈینگی انسانی آبادیوں پر مسلسل منڈلارہاہے وزیر اعلیٰ کی وارننگ پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں نے ڈینگی مرض کی روک تھام کے لیے موثر عملی اقدامات کیے تو آنے والے دنوں میں اس مرض پر قابو پانا ممکن ہوسکے۔