14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:46
جھڈو اورملحقہ علاقوں میں پیٹ کے امراض سے4افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
میر پور خاص...میرپورخاص کی تحصیل جھڈوابھی تک مکمل طور پر پانی کی لپیٹ میں ہے،علاقے میں پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے،صرف جھڈو اور ملحقہ علاقوں میں آج مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق جھڈو شہر اور مضافات میں 3 سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے،شہر کی 80 فیصد آبادی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکی ہے جبکہ پانی میں پھنسے باقی لوگوں کو بھی نکالنے کے لیے پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے،اسپتال ذرائع کے مطابق جھڈو میں بدھ کے روز پیٹ کے امراض کے باعث مزید دو بچوں اور ایک خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے،جبکہ ایل بی او ڈی سیم نالے سے آنے والے سیلابی ریلے سے دو خواتین کی لاشیں بھی ملی ہیں،ادھر علاقے میں پاک بحریہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے،لیفٹیننٹ کمانڈر ندیم کے مطابق آج مزید سات سو افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،گزشتہ آٹھ روز کے دوران پاک بحریہ کے جوانوں نے جھڈو اور ملحقہ علاقوں سے 10 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا،ریسکیو آپریشن میں 2 ہوئر کرافٹ اور 21 بوٹس سمیت پاک بحریہ کے 52 جوان حصہ لے رہے ہیں۔