14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:46
توانائی بحران پاکستان کی معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے ،امریکا
جنگ نیوز -
اسلام آباد...امریکی خصوصی سفیر برائے عالمی تونائی کارلوس پاسکل نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا بحران معاشی اور سماجی ترقی پر گہرے منفی اثرات مرتب کر رہا ہے ، امریکا پاکستان کو اس بحران سے نکالنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا ۔پاک، امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت توانائی ورکنگ گروپ کے مذاکرات اسلام آباد میں ہوئے ، امریکی وفد کی قیادت کارلوس پاسکل جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے کی۔ وزارت پا نی وبجلی کے اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور امریکا نے توانائی شعبے کے مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق کیاہے جس کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائیگی ۔ مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات ،پن بجلی ،تھرمل اور کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر بات کی گئی۔ کارلوس پاسکل نے اس موقع پر کہا کہ امریکا پاکستان میں توانائی کے بحران سے آگاہ ہے جس کے حل کیلئے تمام ممکنہ امداد فراہم کرے گا تاکہ عام آدمی خوشحال ہو سکے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے توانائی بحران کے حل میں گہری دلچسپی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کوئلے سے بجلی کے حصول کیلئے کوشاں ہے جب کہ گیس کے نئے ذخائر کی تلاش اور ایل این جی کی درآمد کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پاک امریکا توانائی مذاکرات کل بھی ہوں گے۔