4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:9
اے ایف سی کاانڈر 14چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
کراچی…شکیل یامین کانگا...ایشین فٹ بال کنفیڈریشن نے اے ایف سی انڈر 14چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ امید ہے یہ ایونٹ 2 سے 17 اپریل تک اسلام آباد منعقد ہوگا جس میں سینٹرل ریجن فٹ بال ایسوسی ایشن آف ترکمانستان، فٹ بال فیڈریشن آف کرغستان، اسلامک ری پبلک ایران فٹ بال فیڈریشن، تاجکستان فٹ بال فیڈریشن، دی فٹ بال فیڈریشن آف افغانستان اور ازبکستان فٹ بال فیڈریشن کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ پندرہ روزہ فیسٹیول 2 اپریل سے 17 اپریل سن 2012 تک اسلام آباد میں ہو گا۔ اس فیسٹیول کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزازسے کم نہیں ہے۔ اے ایف سی کا پاکستان کو ٹورنامنٹ ایوارڈ کرنے کا مقصد بچوں میں فٹ بال جیسے کھیل کی تکنیکی باریکیوں کو اجاگر کرنا ہے۔دریں اثناء پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار لودھی نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ فیفا اور اے ایف سی پاکستان میں فٹ بال فٹ بال کی ترقی کیلئے مسلسل تعاون کررہی ہیں۔ ہمارے کام سے وہ مطمئن ہیں اور ہماری مسلسل حوصلہ افزائی کررہی ہیں، پاکستان کو انڈر 14 فیسٹول ایوارڈ کی میزبانی ملنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ہم نے گراس روٹ لیول پر یوتھ پر بہت کام کیا ہے جس کے نتائج ہماری یوتھ ٹیم نے دیئے ہیں، ایران میں ہونے والے اے ایف سی انڈر 14 میں شاندار کارکردگی اور پھر انڈر 16 ساف چیمپئن شپ جیت کر دنیا بھر میں ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال نے ترقی کی ہے، اے ایف سی فیسٹول ٹورنامنٹ میں دنیا کی مختلف ٹیمیں شرکت کریں گی جس سے کے انعقاد سے دنیا بھر میں اچھا پیغام جائے گا اور مختلف ممالک اپنی کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کیلئے اپنی اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجیں گے۔