4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:9
آئی بی ایس اسنوکر چیمپئن شپ بھارت منتقل
جنگ نیوز -
کراچی...مشرق وسطی کی بدترین صورت حال کے باعث آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کو بحرین کے بجائے بھارت کے شہر بنگلور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے دو کھلاڑی اس چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے، نیشنل رینکنگ چیمپئن شپ رواں ماہ کے آخر میں منعقد کی جائے گی۔ اس بات کا اظہار پاکستان بلیئر اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے سیکرٹری منور حسین شیخ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ کا انعقاد بحرین میں ہونا تھا لیکن مشرق وسطی کے حالات مسلسل خراب ہونے کی وجہ سے اسنوکر کی عالمی تنظیم نے چیمپئن شپ کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور اب اس کی میزبان بھارت کو دیدی گئی ہے۔ اس سے قبل سکس ریڈ بال چیمپئن شپ کا بھارت میں کھیلی جانی تھی لیکن اب ورلڈ چیمپئن شپ کی وجہ سے سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ ملتوی کردی گئی ہے جس کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔ ورلڈ چیمپئن شپ 27 سے نومبر سے 3 دسمبر تک بھارت کے شہر بنگلور میں منعقد ہوگی۔ اس کیلئے پی بی ایس اے اپنے دو کھلاڑیوں کی انٹری بھیجے گی۔ منور شیخ نے بتایا کہ نیشنل رینکنگ چیمپئن شپ رواں ماہ (اکتوبر) کے آخری ہفتے میں کھیلی جائے گی اور اس کے ٹاپ دو کھلاڑیوں کے نام مینز ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے منتخب ہوں گے۔