5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:45
انگلش کرکٹ ٹیم8اکتوبرکووارم اپ میچ سے دورہ بھارت کا آغاز کریگی
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز…انگلش کرکٹ ٹیم 8 اکتوبر کو وارم اپ میچ سے دورہ بھارت کا آغاز کرے گی۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے بھارت آمد کے بعد بدھ کو فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔انگلش ٹیم عالمی چمپئن کے خلاف پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کے دوران بھارت کی ٹیم انگلینڈ سے شکستوں کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گی جبکہ انگلش ٹیم کا ہدف ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم دورہ بھارت کے دوران 8 اور 11 اکتوبر کو دو وارم اپ میچز کھیلے گی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا باقاعدہ آغاز 14 اکتوبر کو پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 17 اکتوبر کو دہلی، تیسرا میچ 20 اکتوبر کو موہالی، چوتھا میچ 23 اکتوبر کو ممبئی جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 25 اکتوبر کو کولکتا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 اکتوبر کو کولکتا کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے قوانین کے تحت کھیلی جائے گی۔