8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
اسٹیٹ بینک 8روز کی تاخیر کے بعد آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کریگا
جنگ نیوز -
کراچی ... راجہ کامران ... اسٹیٹ بینک 8روز کی تاخیر کے بعد آج ہفتہ 8 اکتوبر کو مانیٹری پالیسی کا اعلان کررہا ہے، جس میں توقع ہے کہ بنیادی شرح سود میں آدھے سے 1 فی صد تک کمی متوقع ہے اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کااجلاس ہفتہ 8اکتوبر کو ہوگا، جس میں آئندہ دوماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، جس میں توقع ہے کہ مرکزی بینک شرح سود میں کمی کااعلان کرسکتاہے، اس وقت بنیادی شرح سود ساڑھے 13 فی صد ہے جو کہ کم ہوکر 13 سے ساڑھے 12 فی صد کی جاسکتی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ شرح سود میں متوقع کمی مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی ہے جو کہ ستمبر میں تقریبا ساڑھے 10 فی صد رہی ہے، آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی پروگرام کی آخری اقساط نہ ملنے کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر دباوٴ کا شکار ہیں، گزشتہ دنوں روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی اور یہ جنوری سے ستمبر کے اختتام تک 5 فی صد کم ہو چکی ہے اور اس وقت ایک ڈالر 87سے 88 روپے کی قیمت پر فروخت ہورہا ہے ، جبکہ زرمبادلہ ذخائر 17 ارب 34 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں، اور یہ صورتحال اسٹیٹ بینک بورڈ کے لئے پریشانی کا سبب ہوسکتی ہے ۔بینکاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 سال سے ملک میں شرح سود انتہائی سطح پر ہے جس کی وجہ سے عام صارفین نے بینکوں سے قرض لینا تقریبا بند کردیا تھا جس کی وجہ سے شرح سود میں کمی کا فوری فائدہ صارفین کو نہیں ہوگا مگر بنیادی سود میں کمی کا فائدہ بھاری قرض لے کر بڑے منصوبے لگانے والوں کو ہوگا اور ایک فی صد تک کمی حقیقی طور پر بڑی بچت کا سبب ہوسکتی ہے۔