تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 18:33

عدالت میں بیان کیلئے مناسب وقت نہیں ملا،زیادتی کی شکار طالبہ کا الزام

جنگ نیوز -


لاہور...شاہکوٹ میں مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکار طالبہ صبا رائے نے الزام عائد کیا ہے کہ عدالت میں بیان دینے کیلئے اسے مناسب وقت نہیں دیا گیا اور جب وہ بولنے لگتی ،اسے منع کردیا جاتا۔دوسری طرف پولیس نے طالبہ اور ملزموں کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔ طالبہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ننکانہ صاحب کی عدالت میں پیش کیاگیا،جہاں بیان کے دوران اس کے والدین اور وکیل کو باہرنکال دیاگیا،جبکہ پانچوں ملزم کمرہ عدالت میں موجود رہے۔طالبہ نے کہا کہ ملزم شمروز اسے پھوپھی کی ہلاکت کاکہہ کرعبدالجبار خواجہ سرا کے گھرلے گیا،جہاں ملزم عدیل بھی موجود تھا، ملزموں نے اسے زیادتی کانشانہ بنایا۔ملزم شمروز نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس روز علاقے میں نہیں تھا۔کالج کی آیا نصرت نے گواہی دی کہ شمروز ہی طالبہ کو لے کر گیا تھا۔بعد میں طالبہ نے بتایا کہ بیان کیلئے اسے مناسب وقت نہیں دیا گیا اورجرح کے دوران جب وہ بولنے لگتی اسے سختی سے منع کردیا جاتا۔ طالبہ کی والدہ عدالت کے باہر انتہائی پریشان نظر آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ دھمکیوں اور بدنامی کی وجہ سے علاقہ چھوڑنا چاہتی ہیں۔طالبہ کے وکیل نے بیانات کی قلم بندی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ متاثرہ خاندان نے انصاف کی دہائی دیتے ہوئے حکومت سے جانوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.