9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:37
پی سی بی کے نئے چیئرمین کی تقرری کا فیصلہ کل تک متوقع
جنگ نیوز -
لاہور…اعجاز بٹ کے بطور چیئرمین پی سی بی عہدے کی معیاد پوری ہوچکی ہے ، اُن کے بعد نیا چیئرمین کون ہوگا ، اس کا فیصلہ پیر تک متوقع ہے۔اکتوبر دو ہزار آٹھ کو چیئرمین پی سی بی کا منصب سنبھالنے والے اعجاز بٹ کے عہدے کی تین سالہ آئینی معیاد مکمل ہوچکی ہے،کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلی صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کے متبادل کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق، جب تک نئے چیئرمین کا اعلان نہیں کردیا جاتا ، اعجاز بٹ عہدے پر کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کو نئے چیئرمین کیلئے چار نام پیش گئے ہیں جن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس ، زرعی ترقیاتی بینک کے ذکا اشرف ، سابق کرکٹر ماجد خان اور نیشنل بینک کے سابق سربراہ علی رضا شامل ہیں، ذرائع کے مطابق صدر زرداری ان چاروں شخصیات کے علاوہ کسی اورکو بھی پی سی بی کا نیا چیئرمین مقررکرسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا یہ بھی کہنا ہے کہ اعجاز بٹ کے عہدے کی معیاد میں توسیع ہونے کے امکانات بہت کم ہیں، نئے چیئرمین کے حوالے سے صدر زرداری پیر کو حتمی فیصلہ کرسکتے ہیں۔