تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:48

چین کی فوجی صلاحیتوں میں اضافے سے امریکا اور اتحادیوں کو تشویش، رپورٹ

جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…چین کی غیر متوقع ملٹری صلاحیتوں میں اضافے سے امریکا اور اس کے ایشیائی اتحادی تشویش میں مبتلا ہو گئے۔ پینٹاگون کو بھی کانگریس کی طرف سے دفاعی بجٹ میں کٹوتی کے خلاف جواز مل گیا۔چینی فوجی صلاحیتیں امریکی اندازوں سے تجاوز کر چکی ہیں،امریکا چینی بحری بیڑے اور اسٹیلتھ جیٹ طیاروں کے بارے ابھی بے یقینی کا شکار ہے کہ ان کو موٴثر ہونے میں کئی برس درکار ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے’رائٹر‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کی توقع سے زیادہ تیزی سے فوجی صلاحیتوں میں اضافے نے امریکااور اس کے ایشیائی اتحادیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ دوسری طرف امریکی کانگریس کے کچھ حلقے دفاعی اخراجات میں کٹوتی چاہتے ہیں جبکہ پینٹاگون دفاعی اخراجات میں کمی کے خلاف ہے۔ چین کی دفاعی قوت میں غیر متوقع اضافے سے پینٹاگون کے موٴقف کو مدد ملے گی لیکن پھر بھی چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی صلاحیتیں امریکی اندازے سے کہیں زیادہ تجاوز کر چکی ہیں۔ پینٹا گون کے اندرونی حلقوں میں یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ ان کی کچھ روایتی صلاحیتیں ابھی بھی ابتدائی اسٹیج پر ہیں۔ چین کے پہلے جنگی بیڑے نے جولائی سے اپنا کام شروع کردیا ہے۔ چینی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیجنگ ایسے دو مزید بیڑے تیار کر رہا ہے۔ایک دعوے کے مطابق امریکی فوج کا خیال ہے کہ چین کی طرف سے ایسے بیڑوں کی تعمیر گمراہ کن ہے۔ امریکا کے نزدیک سوویت یونین دورکا کیریئر ابھی کلی آپریشنل نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آخری مستقل رکن چین نے کیریئر کی صلاحیت حاصل کی ہے۔ پینٹاگون کے اندازوں کے مطابق ابھی چین کو ایسے کسی بھی موٴثر کیریئر کیلئے برسوں لگیں گے۔پینٹا گون کے مطابق برازیل کی بحریہ نے چین کو کیر یئر آپریشن میں تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے،تاہم اس سلسلے میں برازیل کی اپنی محدود صلاحیتیں ہیں اور برازیل کے اپنے کیریئر پروگرام میں کئی مسائل درپیش ہیں جس سے اس پیشکش سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے۔ چین کے اسٹیلتھ فائٹر جیٹ 20جس نے جنوری میں چین کے دورے پر آئے امریکی دفاعی سیکریٹری کی موجودگی میں پہلی آزمائشی پرواز کی تھی۔ اس پرواز کے باوجود پینٹا گون کا کہنا ہے 2018ء سے پہلے چین کو اس میدان میں موٴثر آپریشنل صلاحیت حاصل کرنے کی توقع نہیں۔ چین کواس سلسلے میں کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے جس میں اس کے اعلیٰ کارکردگی کے حامل جیٹ انجن کی پیداوار کا مسئلہ ہے جبکہ امریکا کے پاس تیس برس قبل سے اسٹیلتھ طیارے ہیں۔ امریکی بحریہ کے اعلیٰ ترین انٹیلی جنس افسر نے رواں برس ریٹائرمنٹ سے قبل چینی فوجی صلاحیتوں کے بارے مبالغہ آرائی سے خبردار کیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.