10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:48
فصیح بخاری کی وزیراعظم سے ملاقات‘ذمہ داریوں پرتبادلہ خیال
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی احتساب بیورو کے عہدے کیلئے صدر مملکت کی طرف سے تجویزکئے گئے ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔ سپریم کورٹ کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ دیدار شاہ کو چیئرمین نیب کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے یہ عہدہ خالی چلاآرہا ہے۔ گزشتہ روز ایوان صدر کے ترجمان نے بتایا کہ پاک بحریہ کے سابق سربراہ فصیح بخاری کو چیئرمین نیب مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو خطوط بھجوادیئے ہیں ۔ ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے وزیراعظم سے ملاقات میں اپنی متوقع ذمہ داریوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کے عہدے پر بلاتاخیر تقرر کا حکم دیا تھا اور اس حکم کی مہلت تقریبا تین ماہ قبل ختم بھی ہوگئی تھی ۔