10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 16:26
سندھ پولیس میں تبادلوں کی مخالفت عدالتی حکم کی روشنی میں کی ،منظور وسان
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں آئے دن تبادلوں اور تقرریوں کے عمل سے گریز کی ہدایت سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس فیصلے کی روشنی میں دی تھی ۔محکمہ داخلہ سندھ سے جاری اعلامئے میں میں بتایا گیاہے کہ اسی ضمن میں اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے پولیس افسران سے تبادلوں اور تقرریوں سے متعلق استفسار کیا تھا۔ کراچی کے 112تھانوں میں 145 ایس ایچ اوز کے تبادلے اور تقرریاں کی گئیں جو کہ اوسطاً 27 دن بنتی ہے۔اس عرصے میں ایس ایچ اوز کی تقرری کی کم سے کم مدت ایک دن اور زیادہ سے زیادہ 64 دن رہی جبکہ 32ایس ایچ اوز ایک ماہ سے بھی کم مدت تھانوں میں تعینات رہ سکے۔اجلاس میں وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کسی بھی افسر کے قبل از وقت تبادلے یا تقرری کی صورت میں وجوہات اور جواز سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیاجائے۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تبادلوں و تقرریوں کے ضمن میں کسی بھی قسم کی بے جا قیاس آرائی کا قطعاً کوئی جواز پیدا ہونے نہ دیاجائے۔