10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 16:26
سرفراز شاہ قتل کیس:سزاؤں کیخلاف ملزمان کی اپیل پر نوٹس جاری
جنگ نیوز -
کراچی …سندھ ہائیکورٹ نے سرفراز شاہ قتل کیس کے چھ ملزمان کی عمر قید کی سزا بڑھا کرسزائے موت کرنے کی درخواست پر ان ملزمان کو نوٹس جاری کردیئے ہیں اور اس درخواست کی سماعت ملزمان کی اپیلوں کے ہمراہ کرنے کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے کلفٹن میں بوٹ بیسن کے علاقے میں ایک شہری کو ڈاکو قرار دے کر گولیوں سے چھلنی کرنے کے الزام میں رینجرز کے ایک اہلکار شاہد ظفر کو سزائے موت اور پانچ اہلکاروں منٹھار علی، بہاؤالرحمن، محمد طارق، محمد افضل اور لیاقت علی اور ایک شخص افسر خان کو عمر قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ ان سزاؤں کیخلاف ملزمان کی اپیلیں زیر سماعت ہیں۔ اسی اثنا میں مقتول کے بھائی اور مدعی سالک شاہ نے جاوید چھتاری ایڈووکیٹ کے ذریعے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 کابھی اطلاق کیا گیا تھا جس کے تحت تمام ملزمان کو ایک ہی سزا ملنی چاہئے اس درخواست اور ملزمان کی اپیلوں کی سماعت 18 اکتوبر کو ہوگی۔