10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 16:26
کراچی:گلستان جوہر کے شہریوں کا لینڈ مافیاسے تحفظ دلانے کا مطالبہ
جنگ نیوز -
کراچی…گلستان جوہربلاک 10 کے ڈی اے اسکیم 36 میں واقع پلاٹ مالکان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ ،گورنر سندھ،وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انھیں لینڈ مافیا اور خطرناک مجرموں سے تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے پلاٹوں پر تعمیرات کرکے امن و سکون سے رہائش اختیار کرسکیں۔پلاٹ کے مالکان کے مطابق انکے 400گز کے رہائشی پلاٹوں پر 2010ء میں لینڈ مافیا نے بعض بااثر سیاسی عناصر کی پشت پناہی کے ساتھ قبضہ کرلیا تھا اور حقیقی مالکان کو جان سے مارنے کی دہمکیاں دے کر انھیں بے دخل کردیا تھا۔تاہم پلاٹ مالکان کی بے پناہ جدوجہد اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے شہریوں کی بھرپور مدد کی وجہ سے انھیں کچھ عرصے قبل قبضہ مل گیا ہے، تاہم گذشتہ چند روز سے لینڈ مافیا کے مسلح افراد ایک بار پھر پلاٹ مالکان کو مختلف طریقوں سے ہراساں کررہے ہیں، اس سلسلے میں لینڈ مافیا نے گذشتہ روز ایک جھوٹا مقدمہ درج کراکر تین پلاٹ مالکان کو گرفتار کروادیا تھا تاہم بعدازاں جب پولیس حکام کو عدالت عظمیٰ کے احکامات سے آگاہ کیا گیا تو ان افراد کو رہاکردیا گیا۔مقامی شہریوں اور پلاٹ مالکان نے عدالت عظمیٰ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انھیں لینڈ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائی جائے تاکہ پلاٹ مالکان اپنی زندگی بھر کی پونچی سے حاصل کیے گئے پلاٹ پر گھر تعمیرات کرکے رہائش اختیار کرسکیں۔