10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:26
استعفیٰ منظور ہونے سے شرم و حیا کی زنجیرٹوٹ گئی،ذوالفقارمرزا
جنگ نیوز -
کراچی …سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزانے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ فنکشنل اورمسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے سندھ دھرتی کے باغیرت سپوت ان کے ساتھ ہیں۔صوبے میں بلدیاتی نظام کا بل منظور نہیں ہونے دینگے۔ذوالفقار مرزانے پیپلز پارٹی کے4ارکان سندھ اسمبلی عمران ظفر لغاری، امداد پتافی،نصراللہ بلوچ اورجاوید شاہ کے ساتھ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کی۔بعد میں میڈیا سے گفتگومیں ذوالفقار مرزا نے کہا کہ استعفیٰ منظور ہونے کے بعد ان پرسے حجاب اور شرم وحیا کی زنجیراترگئی ہے جبکہ پیرپگارا سے ملاقات نے ایک بڑی غلط فہمی بھی دور کردی ہے۔ذوالفقارمرزا نے کہا کہ ایک شخص کوخوش کرنے کے لئے سب ڈرامارچایا جارہا ہے لیکن پاکستان کے عوام کے ساتھ اب ڈرامانہیں چلے گا۔ایک سوال کے جواب میں اپنے مخاطب کا نام لئے بغیرذوالفقار مرزانے انتہائی جذباتی انداز میں کہاکہ تم لڑو گے توہم بھی لڑیں گے، ایک گولی چلاوٴگے ہم دس گولیاں چلائیں گے۔