تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:37

عوام پارٹی قیادت کے خلاف اشتعال انگیزیوں پرمشتعل نہ ہوں،الطاف حسین

جنگ نیوز -


لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کی قیادت کے خلاف کسی بھی فردکے اشتعال انگیزبیان پرہرگزمشتعل نہ ہوں اوراپنے جذبات قابومیں رکھیں۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم مخالف کسی بھی فرد کی جانب سے ایم کیوایم کی قیادت کومغلظات دینے اوراشتعال انگیززبان استعمال کرنے پرکارکنان وعوام کااشتعال میں آنافطری عمل ہے لیکن میں کارکنان و عوام سے اپیل کروں گاکہ وہ ہرگزمشتعل نہ ہوں، اپنے جذبات قابومیں رکھیں، صبروبرداشت کامظاہرہ کریں اوراللہ کے انصاف پر یقین رکھیں اوراللہ کے انصاف کاانتظارکریں ۔ اللہ بہتر انصاف کرنے والاہے۔ دریں اثناء الطاف حسین نے راولپنڈی کے علاقے غازی آباد میں پانچ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انسانیت سے گری ہوئی اس حرکت میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ راولپنڈی میں سفاک عناصر کی جانب سے معصوم بچی سے زیادتی کا عمل نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ایسے عمل میں ملوث عناصر سخت سے سخت ترین سزا کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صوبہ پنجاب میں مظلوم خواتین سے زیادتی ، ناانصافی اور تشدد کے واقعات میں تیزی آرہی ہے تاہم اس ضمن میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور کہا کہ وہ انصاف کے حصول سے ہرگز مایوس نہ ہوں ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی کے علاقے غازی آباد میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، صوبہ پنجاب میں مظلوم خواتین کے ساتھ ناانصافی ، زیادتی ، تشدد اور دیگر سماج دشمن برائیوں کا خاتمہ کیاجائے اور معصوم بچی سے زیادتی میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.