10 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:37
دورہ سری لنکا کیلئے مختصر تربیتی کیمپ، تمام کھلاڑیوں نے رپورٹ کردی
جنگ نیوز -
لاہور…دورہ سری لنکا کیلئے لگنے والے مختصر تربیتی کیمپ کے لئے کھلاڑیوں نے رپورٹ کر دی ہے،،سابق کرکٹرز نے بورڈ کو خبردار کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی ڈینگی سے حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں کیونکہ کسی بھی کرکٹر کا اس موقع پر ان فٹ ہونا بورڈ کی ذمے داری ہوگی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی نئے کوچ محسن خان کے ہمراہ لاہور میں اکھٹا ہوئے۔ڈینگی کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ لاہور سے کراچی منتقل ہوا تھا۔ سابق کپتان معین خان کے مطابق موجودہ بورڈسری لنکا ٹیم کی حفاظت سمیت بیشتر معاملات میں ناکام رہا ہے۔ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے جن اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے اعجاز بٹ کے دور کو سیاہ ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی روانگی سر پر ہے اس لئے حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔دورہ سری لنکا کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے منتخب کھلاڑی چار دن قذافی اسٹیڈیم میں تربیت کے بعد 15 اکتوبر کو دبئی روانہ ہونگے۔