11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 7:15
اعتراف جرم کیلئے افغان قیدیوں پر منظم انداز میں تشدد کا انکشاف
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ… اقوام متحدہ نے افغانستان میں قیدیوں کیساتھ بہیمانہ تشدد کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اعتراف جرم کیلئے ایک منظم انداز میں افغان قیدیوں پر تشدد کیا جاتا ہے۔ تین سو اْناسی افغان قیدیوں کے انٹرویوز پر مشتمل اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چوبیس صوبوں میں قائم سینتالیس قید خانوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ چوہتر صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق افغان قیدیوں نے اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کو انکشاف کیا کہ دوران تشدد اْنھیں الیکٹرک شاکس لگائے جاتے ہیں ، کبھی دیوار سے تو کبھی الٹا لٹکا کر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے اور پیر کی انگلیوں کے ناخن تک نکال لیے جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق افغان قیدیوں کو طبی سہولتیں بھی نہیں دی جاتی ہیں۔