11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:15
بلوچستان کے ترقی میں حائل قوتوں کو ندامت ہوگی،وزیر اعظم
جنگ نیوز -
کوئٹہ… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپیل کی ہے کہ دہشتگرد امن کی طرف آئیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ آئندہ بلوچ قوم کیساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم ، کوئٹہ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے ساڑھے چار ہزار جوانوں کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، کمانڈر سدرن کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیا اور گورنر بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ بلوچستان کے 17منصوبوں کی تکمیل کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے گئے ہیں۔موجودہ حکومت بلوچ عوام اور صوبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعظم نے دہشت گردوں سے امن کا راستہ اختیار کرنے کی بھی اپیل کی۔ پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کے نگہباں قومی وقار بچانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ انتہا پسندی کیخلاف کام کرکے فوج نے پاکستان کے مستقبل کو بچایا۔ وزیر اعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ آئندہ بلوچ قوم کیساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی اور بلوچستان کی ترقی میں حائل قوتوں کو ندامت ہوگی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان کو وفاقی حکومت کی سب سے بڑی ترجیح قرار دیا اور بتایا کہ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کے لئے 20ہزار ملازمتیں مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔