11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:0
صدر،وزیراعظم اور سیاستدانوں کے غیر ملکی اثاثوں کیخلاف درخواست
جنگ نیوز -
لاہور… لاہور ہائی کورٹ نے صدر آصف زرداری ، وزیراعظم یوسف گیلانی، نواز شریف اور عمران خان سمیت درجن سے زائد سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثے اور اکاوٴنٹس کی تفصیلات طلب کرنے کیلئے دائر درخواست پر نوٹس جاری کر دیے۔ بیرسٹر اقبال جعفری کی جانب سے دائر درخواست میں 15 سیاستدانوں کو فریق بنایا گیا،ان میں چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی بھی شامل ہیں ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیاستدانوں نے اپنے اثاثے اور اربوں روپے بیرون ملک منتقل کر دیے، جس کی وجہ سے آج پاکستان معاشی مسائل کا شکار ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان سیاستدانوں کے اثاثوں اور اکاوٴنٹس کی تفصیلات طلب کی جائیں اور بیرون ملک منتقل کی گئی تمام دولت واپس لانے کا حکم دیا جائے، عدالت نے کارروائی دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔