11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:38
روس اور چین کے 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے تجارتی معاہدے
جنگ نیوز -
بیجنگ …جنگ نیوز… روس اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے تجارتی معاہدے طے پا گئے۔ ذرائع کے مطابق روس اور چین کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے متعدد تجارتی معاہدے ایسے وقت میں طے ہوئے جب روس کے وزیراعظم ولادیمیر پیوٹن غیرمعمولی دورہ چین پر منگل کو روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پیوٹن کے ہمراہ 160 رکنی وفد ہے جس میں زیادہ تر بڑے تجارتی اداروں کے اعلیٰ سرکاری و نجی عہدیدار شامل ہیں۔ روسی وزیراعظم کا دورہ 2 روزہ ہے جس کے دوران وہ بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وین جیاباؤ اور صدر ہوجن تاؤ سے ملاقات کریں گے۔ چین کی وزارت خارجہ کے مطابق روس اور چین کے درمیان 16 اقتصادی و تجارتی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، تحقیق و ترقی اور معدنی ترقی کے شعبہ جات شامل ہیں۔ روسی وزیراعظم کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں روس تا چین گیس پائپ لائن کی تعمیر کا معاملہ سرفہرست ہوگا۔