11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:38
امریکا آئندہ 12 ماہ میں کساد بازاری کی لپیٹ میں آ سکتا ہے، موڈیز
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز…عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے خبردار کیا ہے کہ امریکا آئندہ 12 ماہ میں کساد بازاری کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ موڈیز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں بجٹ خسارے میں کمی لانے کیلئے سیاستدانوں کے درمیان اختلافات امریکا کو آئندہ 12 ماہ میں کساد بازاری کے دروازے پر لا کر کھڑا کریں گے۔ موڈیز کے ریسرچ گروپ کے مطابق امریکا کی معیشت سال کی دوسری سہ ماہی میں صرف 2 فیصد سالانہ کی شرح سے اضافہ ہوا اور آئندہ سال یہ اضافہ صرف 2.5 فیصد تک ہوگا، وہ بھی اس صورت میں جب امریکا اخراجات میں کٹوتیاں نہ بڑھائے۔ گروپ کے مطابق امریکا کی معیشت بہت سست روی کا شکار ہے اور آئندہ 12 ماہ میں امریکہ میں کساد بازاری چھانے کے 40 فیصد واضح امکانات موجود ہیں۔ گروپ نے تجویز کیا ہے کہ اگر امریکا کساد بازاری سے بچنا چاہتا ہے تو اس کے سیاستدانوں کو آئندہ چند ماہ میں باہمی اختلافات ختم کرکے مؤثر لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ موڈیز نے یورپ میں بھی ایک اور کساد بازاری کے امکانات ظاہر کئے ہیں جس سے امریکی معاشی ترقی بھی متاثر ہوگی۔