11 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:49
امریکا: شہریوں کو مزید 4 ماہ تک دھرنا جاری رکھنے کا اجازت نامہ
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز… امریکا میں عام شہریوں کو نظرانداز کرکے کارپوریٹ سیکٹر کو مالی امداد کی حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کو مزید 4 ماہ تک جاری رکھنے کا اجازت نامہ حاصل کر لیا۔ امریکی صدر کی رہائش وائٹ ہاؤس کے سامنے واقع نیشنل پارک کی انتظامیہ نے ابتدا میں مظاہرین کو صرف 4 روز تک پارک میں دھرنا دینے کی اجازت دی تھی لیکن مظاہرین جن میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے، گذشتہ 10 روز سے دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے چوک خالی کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد پارک کی انتظامیہ نے فیڈرل ایجنسی سے مشاورت کے بعد احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کو فروری 2012ء تک دھرنا جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن اور دیگر شہروں میں مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں جن میں شریک شہری حکومت سے بڑی بڑی کارپوریشنز کی بجائے عام شہریوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔