5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کشمیر کونسل یورپ کا یورپی یونین کی دو ملین یورو کی امداد کا خیرمقدم
جنگ نیوز -
پیرس…رضا چوہدری/نمائندہ جنگ… کشمیر ای یو کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپی یونین کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں متاثرین کے لئے دی جانے والی دو ملین یورو کی امداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری جیلوں میں مقید سیاسی قیدیوں اور بھارتی فوج کشی کے نتیجے میں متاثر ہونے والے بچوں اور خواتین کے نفسیاتی علاج کے لئے جو امداد دی گئی ہے وہ ان بے آسرا کشمیریوں کے لئے بہت مدد گار ثابت ہوگی اور اس سے انہیں بہت ریلیف مِلے گا، لیکن کشمیر کونسل ای یو یہ توقع رکھتی ہے کہ یورپی یونین انسانی حقوق کے تحفظ کے اعلیٰ معیار کو دیگر ملکوں کی طرح یہاں پر بھی ترجیحی نظر سے دیکھے گی اور ان حالات کے ذمہ داروں کے خلاف مبہم زبان استعمال کرنے کی بجائے صاف طور پر ان کی مذمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو چاہئے کہ وہ ہندوستان سے براہِ راست پوچھے کہ سات لاکھ بھارتی فوج کی کشمیر میں موجودگی کیا معنی رکھتی ہے اور اس کا مقصد کیا ہے، یہ افراد قیدی کیوں ہیں نیز بچے اور عورتیں کیوں ذہنی طور پر ایسی کیفیت میں پہنچے ہیں۔ کیا وجوہات ہیں کہ کشمیر میں مسلسل بے نام قبریں دریافت ہو رہی ہیں اور افراد گُم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اِن حالات کے پیدا کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت اقدامات نہیں کرے گی تو حالات دِن بدن خراب ہوتے چلے جائیں گے اور انسانی حقوق کی اِسی طرح پامالی ہوتی رہے گی۔