5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
آزاد عدلیہ اور میڈیا سے خوفزدہ حکمرانوں نے مخالفانہ مہم شروع کردی، مشاہدحسین
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل سینٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ حکمران آزاد عدلیہ اور میڈیا سے خوفزدہ ہیں اس لیے میڈیا اور عدلیہ کے خلاف مہم شروع ہے ۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کیا آزاد عدلیہ اور میڈیا جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں؟ کے عنوان پر مباحثے میں گفتگو کر تے ہو ئے مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا موجود ہے اور عوام کے مسائل سامنے آر ہے ہیں اور کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور میڈیا نے پاکستان میں جمہوریت اور ادراوں کو مضبوط کیا ہے جبکہ جمہوریت کو خطرہ کرپشن جھوٹ اورمکاری سے ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور میڈیا نے پاکستان کو دنیا میں ایک نئی پہچان دی ہے اور بڑے سیاستدانوں کی وطن واپسی بھی عدلیہ اور میڈیا کی وجہ سے ہی ممکن ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو مضبوط اور میڈیا کو مزید آزاد کرنے سے ہی پاکستان میں حقیقی جمہوریت اور فلاحی ریاست کاخواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔