5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مقبوضہ کشمیر:بھارت نواز پارٹیوں کا کل جماعتی اجلاس آج ہوگا
جنگ نیوز -
سری نگر… کشمیر میں ایک ماہ سے جاری کشیدگی کا جائزہ لینے کے لئے مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے آج تمام بھارت نواز گروپوں کا کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری حالیہ کشیدگی کے باعث بھارت نواز کشمیری انتظامیہ نے کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی حکمران جماعتوں اور دیگر سیاسی پارٹیوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کے لیے شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ دوسری طرف بھارتی وزیراعظم من موھن سنگھ نے پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے اجلاس میں شرکت سے انکار کے بعد انہیں فون پراجلاس میں شرکت کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی تاہم پی ڈی پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ محبوبہ مفتی نے اجلاس میں شرکت کے لیے تحفظات کا اظہارکیا ہے۔ پچھلے ایک ماہ سے جاری کشیدگی اور ہلاکتوں کے دوران مقامی حکومت کو زبردست تنقید کا سامنا رہا۔ علیحدگی پسندوں اور اپوزیشن پی ڈی پی نے عمرعبداللہ کو اب تک کا کمزور ترین وزیراعلیٰ قرار دیا ہے۔