تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ورلڈ کپ میں تاریخی شکست پر ہالینڈ غم میں ڈوب گیا

جنگ نیوز -
ایمسٹرڈم…ورلڈ کپ فٹبال میں تاریخی فتح پر اسپین میں جہاں جشن کا سماں بندھ گیا وہیں ڈچ ٹیم کی شکست پر پورا ہالینڈ غم میں ڈوب گیا۔ کئی مداح تو پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔ وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کرلیا ۔ یہ اسپین نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں پہنچ کر اور پھر اسے جیت کر سچ کر دکھایا۔ اس تاریخی فتح پر اسپین کے شائقین اپنی خوشی کا بھرپور طریقے سے اظہار کررہے ہیں۔ وہاں ہر طرف جشن منایا جارہا ہے۔ اسپین کے وزیراعظم جوز روڈریگیز نے اسے عظیم الشان جیت قرار دیا اور کہا کہ ان کی زندگی میں ایسا لمحہ پہلے کبھی نہیں آیا۔ انکا بچپن سے ورلڈ کپ میں اسپین کی جیت کا خواب بالآخر پورا ہوا۔ انہوں نے خاص کر فائنل کے ایکسٹرا ٹائم میں فیصلہ کن گول کرنے پر آندرس اینسٹا کی سب سے زیادہ تعریف کی۔ روڈریگیز نے ہسپانوی ٹیم کی فتح کو معاشی بحران کے شکار ملک کیلئے ایک امید کی کرن بھی قراردیا۔ لبنان اور افغانستان میں ہسپانوی فوجیوں نے بھی اپنے اپنے طور پر جشن منایا۔مگر ہالینڈ کے مداح اپنی ٹیم کی ہار پر انتہائی غمگین ہیں۔ اپنا خواب چکناچور ہونے پر کئی تو رو بھی پڑے۔ ایمسٹرڈیم سمیت دیگر شہروں میں مختلف مقامات پر بڑی اسکرینوں پر میچ دیکھنے والے اورنج شرٹ میں ملبوس ہزاروں ڈچ شائقین اپنی ٹیم کی شکست کے بعد سائیکلوں پر خاموشی سے گھر چلے گئے۔ وہ بہترین ٹیم جو اب تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی۔ ڈچ ٹیم ہار تو گئی مگر شاندار پرفارمنس پر اسکی تعریف بھی کی جارہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.