5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کوئٹہ،کاروباری مراکز اور یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی ادارے بند
جنگ نیوز -
کوئٹہ…کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل حبیب جالب کے قتل کے بعد شہرکے مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز اور یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ۔کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بی این پی کے مرکزی رہنما حبیب جالب کو ان کے گھر کے سامنے قتل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد شہر میں سریاب روڈ ، بروری روڈ ،جیل روڈ ، ہدہ اور دیگر علاقوں میں پارٹی کے مشتعل مظاہرین نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی ۔اس دوران شہرکے کئی علاقوں میں دکانیں اور بازاروں میں کاروباری مراکز بند کر دیے گئے جبکہ شہر کے حالات خراب ہونے کے بعد والدین کی بڑی تعداد اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے باہر اپنے بچوں کو لینے کے لئے جمع ہوگئی جس کے بعد اسکول انتظامیہ کی جانب سے کئی اسکولوں میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کرتے ہوئے بچوں کو چھٹی دے دی گئی۔بلوچستان یونیورسٹی دو روز جبکہ محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے آج اسکولوں اور کالجوں کو بند کر دیا گیا ۔شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامہ آرائی سے کئی شاہراہوں پر ٹریفک بھی معطل رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔