5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رحیم یار خان اور صادق آباد میں کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ
جنگ نیوز -
رحیم یار خان…رحیم یار خان اور صادق آباد میں ٹیل کے کسانوں نے نہری پانی کی عدم فراہمی اور با اثر زمینداروں کے خلاف ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی ہے۔ تحصیل صادق آباد کی مختلف نہروں سینہ واڑ، چندرامی مائینر اور صادق برانچ کے ٹیل کے کسانوں نے احتجاج ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ ریلی کے شرکاء کی بہت بڑی تعداد پیدل ،ٹریکٹر ٹرالیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھی جن کے ہاتھوں میں بینر تھے۔ اس موقع پر نہری پانی سے محروم کسانوں نے کہا کہ ان کی نہروں سے با اثر زمیندار اور مسلم لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری شفیق پانی چوری کر رہے ہیں جس کے باعث ٹیل کے کسان نہری پانی سے محروم ہیں اور ابھی تک اپنی فصلیں کاشت نہیں کر سکے ہیں۔ علاوہ ازیں زیر زمین پانی کڑوا ہونے کے باعث مال مویشی سمیت وہ خود بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں محکمہ انہار نے پانی فراہم نہ کیا تو وہ سخت مالی بدحالی کا شکار ہو جائیں گے۔ ریلی صادق آباد سے رحیم یار خان تک نکالی گئی۔