5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مضبوط صوبے مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے،ڈاکٹرفاروق ستار
جنگ نیوز -
شیفلیڈ…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراوروفاقی وزیرڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ پاکستان کی مضبوطی کی ضمانت مضبوط وفاق نہیں بلکہ مضبوط صوبے اوربااختیارعوام ہیں لہٰذاہمیں صوبوں اورعوام کوبااختیاربناناہوگااورعوام کوان کے حقوق دیکرانہیں تھانیداروں اورپٹواری کی اجارہ داری سے آزاد کراکے اپنے پیروں پرکھڑاکرناہوگا۔انہوں نے یہ بات برطانیہ کے شہرشیفیلڈ میں ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام منعقدکئے جانے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجتماع میں شیفیلڈمیں آبادکشمیری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افرادکی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ڈاکٹرفاروق ستارنے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام کوان کے حقوق سے محروم رکھنے اور ناانصافیوں کی وجہ سے 1971ء میں قائداعظم کابنایاہواپاکستان ٹوٹ گیا، اب وقت آگیاہے کہ باقیماندہ پاکستان کوبچانے اوراسے قائم ودائم رکھنے کیلئے محروم عوام کوان کے حقوق دیناہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں طے کرناہوگاکہ کیاہم پاکستان میں حکومتوں اورچہروں کی تبدیلی کے بارے میں سوچتے رہیں گے یاملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کو بدلیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس فرسودہ نظام کاسبب ہے کہ چندخاندان توملک کی دولت لوٹ کراپنی جاگیریں اورجائیدادیں بنارہے ہیں جبکہ عوام بنیادی سہولتوں تک سے محروم ہیں،غربت ،بیروزگاری،مہنگائی اورفاقہ کشی سے تنگ آکرلوگ اب خودکشی پرمجبورہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم یہ سمجھتی ہے کہ عوام پر وی اے ٹی نافذکرنے کے بجائے جاگیرداروں اوربڑے بڑے زمینداروں کی زرعی آمدنی پر ٹیکس نافذ کیاجائے ۔مسئلہ کشمیرکاذکرکرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ خطہ کے امن کیلئے کشمیرکے مسئلہ کاحل ضروری ہے تاہم کشمیریوں کوشامل کئے بغیرمسئلہ کشمیرحل نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ حکومت سمندر پارپاکستانیوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اورانشاء اللہ اس سال 14 اگست تک اوورسیزپاکستانیوں کیلئے سرکاری پالیسی کااعلان کیاجائے گا اور اوورسیز پاکستانیوں کی صلاحیتوں، قابلیت اورتجربہ سے فائدہ اٹھایاجائے گا۔اجتماع سے ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش، آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن منشاء خان، شیفیلڈسٹی کونسل کے پارلیمنٹری لیڈر پال سیری ون، پیٹر برا کے سابق میئرچوہدری ایوب، کونسلر طالب حسین ،کونسلرشفق اورمقامی جریدے کے ایڈیٹرفیاض شاہ نے بھی خطاب کیا۔